Mar ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • رسول خدا (ص) کی شان میں اہانت کے خلاف قرارداد

پاکستان کی قومی اسمبلی نے رسول خدا (ص) کی شان میں اہانت کے خلاف قرارداد منظور کی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے رسول خدا (ص) کی شان میں اہانت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قابل اعتراض مواد روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔  

قومی اور پنجاب اسمبلی میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف مذمتی قراردادیں متفقہ طورپر منظورکرلی گئیں۔

قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔ قرارداد کواتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام اوراس کے مرتکب افراد کی چھان بین کے حوالے سے ایوان کی 10 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا اختیار اسپیکر کے سپردکردیا۔

اس سے قبل پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی حکومت سے  رسول خدا (ص) کی شان میں گستاخی کی مذمت کی تھی اور اسی سلسلے میں  سنی اتحاد کونسل کے صدر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پیغمبراسلام (ص) اوراہلبیت (ع) کی شان میں گستاخی کرنے والے اصل دہشتگرد ہیں اور انھیں سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کے خلاف کوئی بات کی جاتی ہے تو انھیں راتوں رات پابند سلاسل کیا جاتا ہے جبکہ رسول خدا (ص) اوراہلبیت (ع) کے خلاف بات کرنے اور گستاخی کرنے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سوشل میڈیا پر گستاخیاں کرکے پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں ہو رہی ہیں.

 

ٹیگس