Mar ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • عید نوروز کے موقع پرگلگت ،بلتستان میں عام تعطیل

گلگت بلتستان میں جشن نوروز جوش و جذبے سے منایا گیا۔

21 مارچ کو شمسی سال کا پہلا دن ہونے کی نسبت سے جشن نوروز بلتستان میں قدیم ادوار سے منایا جا تا ہے، اس روز عید کا سماں ہوتا ہے۔ رواں سال بھی اسی روز لوگوں میں خوشی و جوش و خروش دیکھا گیا۔

بلتستان کے چاروں اضلاع میں جشن نوروز جوش و جذبے سے منایا گیا۔ شمسی سال کے پہلے دن کی مناسبت سے بلتستان میں منائے جانے والے اس تہوار کو رواں سال بھی روایتی انداز میں منایا گیا۔  نئےشمسی سال یعنی عید نوروز کے موقع پر گھروں میں مہمانوں کی تواضح نمکین چائے، ازوق، کلچہ اور رنگ برنگے انڈوں سے کی جاتی ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن نوروز کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ جشن نوروز کے سبب کالجز، اسکولز، بنکس، مارکیٹس اور دکانیں بند رہیں، جبکہ تفریح گاہوں، کھیل کے میدانوں اور گلیوں میں رونق رہی۔

گلگت دنیور میں بھی جشن نوروز کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر وسعت رزق اوردرازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی  گئی۔ جشن نوروز کی اس تقریب میں ڈپٹی سپیکرقانون ساز اسمبلی جعفراللہ خان، صوبائی وزیراطلاعات اقبال حسن، صوبائی وزیر تعمیرات و قانون ڈاکٹر محمد اقبال اور حکومتی عہدیدران سمیت خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ادھرعید نوروز کے موقع پر کرم ایجنسی کے مختلف مقامات علی زیارت زیڑان، عملکوٹ، علی شاری شلوزان، ٹپرے، مالی خیل اور شبلان علی زیارت پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

ٹیگس