Mar ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • ہمسایہ ملکوں سے پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، صدر پاکستان

پاکستان میں آج ستّتر واں یوم پاکستان پورے قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

یوم پاکستان پر اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ دارالحکومت اسلام آباد میں ہرسال کی طرح فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر، وزیراعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کے علاوہ غیر ملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر ممنون حسین نے کہا کہ ان کا ملک تمام ہمسایہ ملکوں سے پرامن اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تئیس مارچ ہماری قومی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، جب کہ لاہور میں شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔