Apr ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین کو حل کرنے پر تاکید

ایوان صدراسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد نے پاکستان کے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔

پاکستان کے صدرممنون حسین نے اس ملاقات میں کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین و کشمیرعرصہ دراز سے حل طلب ہیں، جن کے حل کے لئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

 ممنون حسین نے کہا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے لیکن بدقسمتی سے اس سے مسلمان زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بیانیے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے صدر نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی، فرقہ واریت اور مسلمانوں کے خلاف اور خاص طور پر مسلم اقلیتوں کے لئے جو حالات پیدا ہو رہے ہیں ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل سے کہا کہ اس سلسلے میں عالمی برادری کی توجہ دلانے کی اشد ضرورت ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم  کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد نے اس موقع پر کہا کہ او آئی سی مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری امہ کو دہشتگردی کا اجتماعی سامنا ہے۔ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

 

ٹیگس