Apr ۲۰, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • پانامالیکس فیصلہ: پاکستانی اپوزیشن نواز شریف کے استعفی کی خواہاں

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

عدالتی فیصلے پر اپنے ابتدائی ردعمل میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو ججوں سے کبھی انصاف نہیں ملا۔ جے ٹی آ‏ئی کی تشکیل پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ جو نہ کر سکی وہ وزیراعظم کے ماتحت انیس گریڈ کے افسر کیسے کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ دوسری جانب اپوزیش جماعت ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی وزیراعظم میاں نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی رو سے وزیراعظم کے پاس اپنے عہدے پر فائز رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہوگیا ہے۔درایں اثنا جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سراج الحق نے کہا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے سے وفاقی حکومت کی ساکھ یکسر ختم ہوگئی ہے۔سراج الحق نے عدالتی فیصلے کو کرپشن کی ہار قرار دیتےہوئے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں -