Apr ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • پانامالیکس پر فیصلے کے بعد پاکستان میں سیاسی بیان بازیوں میں شدت

پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے پانامالیکس معاملے پر فیصلہ سنائے جانے کے بعد اپوزیشن اور حکمراں جماعتوں کے درمیان سیاسی بیان بازیوں میں شدت آگئی ہے

جمعرات کو پانامالیکس معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد جہاں حکومتی دھڑا اس کو اپنی فتح قراردے رہا ہے وہیں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم نوازشریف کے خلاف اپنے تیور اور زیادہ سخت کرلئے ہیں- اپوزیشن جماعتوں نے ہفتے کو بھی وزیراعظم نوازشریف کے استعفے کا مطالبہ کیا- اس درمیان لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نوازشریف کےاستعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے وکلا تحریک چلانے کی دھمکی دے دی ہے - لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور وکلا تنظیم کے دیگر رہنماؤں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نے ایک ہفتے کے اندر استعفا نہ دیا تو عدلیہ کی بحالی سے بڑی تحریک چلائی جائے گی - دوسری جانب حکمراں دھڑے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کسی بھی قیمت پر استعفا نہیں دیں گے - پاکستان کی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ  وزیراعظم نوازشریف اور ان کے گھروالے عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں - صوبہ پنچاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سبھی پارٹیاں مل کر بھی نوازشریف سے استعفا نہیں لے سکتیں -