Apr ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن

پاکستان میں سیکورٹی اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے درجنوں شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ملک بھرمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری رہا، مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران اشتہاریوں سمیت انہتر افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

بھکرمیں سرچ آپریشن کے دوران اٹھائیس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، اسّی گھروں کی تلاشی اور ایک سو دس افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔

لودھراں میں بھی سرچ آپریشن میں پندرہ مشتبہ افراد کو پکڑ لیا گیا، حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں سے ایک خاتون سمیت چار رکنی  گینگ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

وہاڑی میں منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کے خلاف پولیس آپریشن کے دوران چودہ اشتہاریوں سمیت بائیس ملزمان حراست میں لے لیے گئے۔ آپریشن میں منشیات اور اسلحہ بھی برآمد ہوا جبکہ نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی پر تین مقدمات درج کر لیے گئے۔