May ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کا سرحدوں کو کنٹرول کرنے کے لئے مزید اقدامات کا اعلان

پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران سے ملحقہ سرحدوں پر امن و سیکورٹی کے لئے مزید اقدامات کرے گا۔

 پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت اسلام آباد، ایران اور افغانستان سے ملحقہ اپنی سرحدوں کو سنجیدگی سے کنٹرول کرے گی اور دہشت گردوں و اسمگلروں کی آزادانہ رفت و آمد کو روکے گی-

چودھری نثار علی خان نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سیکورٹی عہدیداروں سے ملاقات میں کہا کہ صوبہ بلوچستان میں چیکنگ اور انسداد دہشت گردی کے لئے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں اور دہشت گرد گروہوں کو ختم کیا جائے-

پاکستان کے وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت اسلام آباد دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بلوچستان کے علاقے میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھانے کے لئے خصوصی پروگرام رکھتی ہے اور اس کے لئے موجودہ بجٹ میں اضافہ کرے گی-

ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف بریگیڈیئر جنرل محمد باقری نے ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں پر حالیہ بدامنی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سرحدوں پر یہ صورت حال قابل برداشت نہیں ہے اور توقع ہے کہ پاکستانی حکام اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سرحدوں کو کنٹرول کریں گے اور دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انھیں تحویل میں دیں گے اور پاکستان میں دہشت گردوں کے اڈے ختم کریں گے-  

 

ٹیگس