May ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ، دو سو مظاہرین گرفتار

اسلام آباد میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے تقریبا دوسو مظاہرین کو گرفتار کرلیا ۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں، پاکستان کسان اتحاد کی اپیل پر بڑی تعداد میں کسانوں نے حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے زراعتی محصول ختم کرنے اور سبسیڈی نیز کسان پیکج پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے اسی کے ساتھ حکومت کے بجٹ کو کسان دشمن قرار دیا اور اس کو مسترد کردیا ۔ کسانوں کی احتجاجی ریلی سے حزب اختلاف کے رہنماؤں نے خطاب کیا ۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپنے خطاب میں حکومت کی زراعتی اور معیشتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی ۔ہمارے نمائندے کے مطابق پولیس نے کسانوں کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا اور ان پرزبردست شیلنگ کی جس کے جواب میں کسانوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا ۔ اس تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں چھے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایک سو اسی سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ہمارے نمائندے کے مطابق کسانوں کے مظاہرے کی وجہ سے اسلام آباد میں میٹروبس سروس معطل ہوگئی ۔