Jun ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
  • قطر - سعودی کشیدگی میں غیرجانبدار رہنے کا مطالبہ

پاکستان کی قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے حکومت کو قطراور سعودی عرب میں کشیدگی پر مکمل غیرجانبدار رہنے کا مشورہ دیدیا۔

پاکستان کی قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا چوتھا اجلاس اس ملک کی پارلیمنٹ کےاسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ جس میں قطر اور سعودی عرب میں جاری کشیدگی پر غور کیا گیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور سکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی، ایاز صادق نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کو وزیر اعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب پر بھی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے قطر اور سعودی عرب کے درمیان تناؤ کو خلیج فارس تعاون کونسل کی سطح پر حل کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان نے قطر اور سعودی عرب میں کشیدگی سے متعلق حکومت پر زور دیا کہ پاکستان کو کسی صورت اپنے فوجی غیرملکی سرزمین پر نہیں بھیجنے چاہیں، ایاز صادق نے کہا کہ اجلاس میں تمام ارکان نے رائے دی کہ پاکستان کو سعودی - قطر تنازع میں غیر جانبدار کردار کو برقرار رکھنا چاہیے، انہوں نے کہا اس تنازع میں ابھی ثالثی کا مرحلہ نہیں آیا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں بھی سعودی قیادت سے اس مسئلے کو خیلج فارس تعاون کونسل میں حل کرنے پر بات کی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی - قطر تنازع میں ارکان نے اتفاق رائے سے نہ صرف غیر جانبدار رہنے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ یہ بھی متفقہ طور پر رائے دی ہے کہ کسی قسم کے فوجی دستے بھی نہ بھجوائے جائیں، پاکستان کے عوام ثالثی کی خواہش رکھتے ہیں پاکستان کو ہر صورت اپنے قومی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔

ٹیگس