Jun ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کی جے آئی ٹی کے روبرو پیشی

وزیراعظم پاکستان کے چھوٹے بھائی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ہفتے کو پاناما کیس کے معاملے میں جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے۔

پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق جے آئی ٹی کے ارکان نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے تین گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی۔

شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ میں نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو روز قبل وزیراعظم بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئےتھے اور یوں پاکستان کی تاریخ میں یہ باب رقم ہوا کہ ایک منتخب وزیراعظم نے سپریم کورٹ کی قائم کردہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف بیان کیا۔

اس سے پہلے وزیراعظم پاکستان کے دو بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز سے بھی جے آئی ٹی شریف خاندان کے اثاثوں کے بارے میں تحقیقات کرچکی ہے۔

پاناما انکشافات کے بعد پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم اور ان کے خاندان کے اثاثوں کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔