Jun ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • یوم القدس حضرت امام خمینیؒ کا اہم کارنامہ

متحدہ علماء محاذ پاکستان کی جانب سے کراچی میں کل القدس سیمینار منعقد ہوا جس میں شیعہ اور سنی علماء سمیت اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

کراچی میں القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ اور سنی علماء سمیت اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ نے ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا تاریخ سازاعلان کیا اورعالم اسلام نے مسالک و مکاتب و فرقوں سے بالاتر ہوکرحضرت امام خمینیؒ کے عالمی یوم القدس کے اعلان پر لبیک کہا اور اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس انتہائی عظیم الشان طریقے سے منایا جاتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ فلسطین میں رہنے والا کوئی شیعہ نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود حضرت امام خمینیؒ نے ایک مسلمان کی حیثیت سے اتحاد امت کی دعوت اور یکجہتی کے لئے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ کے عالمی یوم القدس منانے کے اعلان نے مسئلہ فلسطین کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جس کے تحت دنیا بھر میں عالم اسلام یک آواز ہو کر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کی نابودی کے لئے آواز بلند کرتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو دبانے کی سازشیں آج بھی جاری ہیں لیکن الحمداللہ اسلامی تحریکوں، تنظیموں اورانسانی حقوق کی تنظیموں نے ہمیشہ اسے عالمی مسئلہ کے طور پر پیش کیا ہے جسے اقوام متحدہ بھی ایک انتہائی اہم عالمی مسئلہ قرار دے چکی ہے۔

دوسری جانب اتوار کے روز اسلام آباد میں فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے تحت منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے اور سرکاری سطح پر یوم فلسطین بھی منانا چاہیئے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ فلسطین میں قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ صرف اور صرف مسلمانوں کے اتحاد سے ہی ممکن ہے، انہوں نے مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کے نہ رکنے والے ستر سالہ سلسلہ کی بھی شدید مذمت کی۔

اسلام آباد میں منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ خٹک، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، فلسطین فاونڈیشن کے ترجمان صابر کربلائی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما جواد کاظمی، تاجر رہنما اجمل بلوچ اور کاشف اقبال سمیت دیگر نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کاز کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان کے عوام رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں اور حکومت یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پر مناتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری دن منانے کا اعلان کرے۔

ٹیگس