Jun ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 23 جون کو جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس منایا جائے گا

جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو پی اور ملی یکجہتی کونسل کے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ 23 جون 2017ء جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس اور جشن نزول قرآن و یوم پاکستان منایا جائے۔

جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور فلسطین کے غیور مسلمان اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے ضرور آزاد ہوں گے، دنیا بھر کی طرح پاکستان کے غیور عوام بھی جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس منائیں گے۔ اس سلسلے میں جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں کہ وہ 23 جون 2017ء جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس اور جشن نزول قرآن و یوم پاکستان منائیں، اس سلسلے میں میں جے یو پی اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسیں، احتجاجی مظاہرے اور افطار پارٹیوں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس قبلہ اول کی آزادی اور صہیونی قبضہ سے نجات دلانے کے لئے ہر فورم پر صدائے حق بلند کرتے رہیں گے۔

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو پی کے تمام صوبائی اور ضلعی تنظیمیں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جمعۃ الوداع کے موقع پر بھرپور اجتماعات کریں۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے قدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کا اعلان کیا اور اس اعلان کے بعد سے ہرسال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس عالمی سطح پر تمام ممالک میں منایا جاتاہے اور روزہ دار مسلمان احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے ذریعے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نفرت و غصے کا اظہار کرتے ہیں۔

 

ٹیگس