Jun ۲۷, ۲۰۱۷ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • پاراچنار حملہ، پاکستان کے مختلف علاقوں میں دھرنے اور مظاہرے پانچویں روز بھی جاری

پارا چنار سانحے کی مذمت اور مظلوم عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے عوام کی جانب سے پاراچنار دھماکے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ آج پانچویں دن بھی جاری رہا۔

پاراچنار میں خودکش دھماکوں کے خلاف جہاں پاکستان کی فضا سوگوار ہے وہیں پاراچنار کے شہید پارک سے شروع ہونے والا دھرنا اب پورے پاکستان میں شروع ہو گیا ہے اور لاہور، کراچی اور کویٹہ سمیت اب پاکستان کے کئی شہروں میں لوگ احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔

پاراچنار، لاہور اور کراچی کے بعد کوئٹہ کے عوام بھی شہرکے شہداء چوک پر کل رات نماز مغرب کے بعد سے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ مولانا سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملت جعفریہ کا خون، پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے اور اس ملک کے شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے جبکہ ریاستی ادارے اور حکومت ،شیعہ مسلمانوں کے خلاف دہشتگردی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاراچنار کے مظلوم عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے پارا چنار، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے- اطلاعات ہیں کہ دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کلب کے مقام پر علامتی دھرنے کا آغاز کیا گیا تھا جو اب احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہو چکا ہے۔

حکومت کو چوبیس گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے کہ اگر اس دوران پارا چنار شہداء کے ورثاء کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دیا جائے گا-