Jul ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  •  اسرائیل، امریکہ اور آل سعود کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

مہدی برحق کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی سمیت کئی علماء کرام اور ذاکرین نے شرکت کی جبکہ خواتین و مردوں کی بہت بڑی تعداد کانفرنس میں شریک تھی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈیرا اسماعیل خان کے شہر کوٹلی امام حسین (ع) میں مہدی برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اہل تشیع کو کئی قسم کی آزمائشوں کا سامنا ہے، ضیاء کی پالیسی کے سبب اسی ہزار جنازے پاکستان سے اٹھے ہیں۔ اسی پالیسی کا شاخسانہ ہے کہ ہمارا دشمن باہر کی جنگ کو وطن کے اندر تک لے آیا ہے۔ جنگوں میں اتنی شہادتیں نہیں ہوئیں، جتنی دہشت گردی سے ہوچکی ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو پیکر ہیں ان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تکفیریوں نے بے پناہ کوششیں کیں۔ ہم وطن کے باوفا بیٹے ہیں، اس لئے ہمیں مارا جا رہا ہے، ہم نے وفا کا چلن مولا عباس سے سیکھا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان شیعہ و سنی نے بنایا۔ ہم نے شیعہ اور سنی کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا اور تکفیری ایجنڈے کو ناکام بنایا۔ جب تک ہم زندہ ہیں دہشت گردوں کے مقابلے کے لئے میدان میں موجود رہیں گے اور دہشت گردوں کے سامنے سر جھکانے کی ذلت قبول کرنے کے بجائے جوانمردوں کی طرح ڈٹے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ناکام ہوچکی ہے اور ہمیں بھی مایوس کرنا چاہتی ہے اس لئے دشمن مختلف طریقوں سے نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ بنا کر دشمن جو کام نہیں کر سکا، اب داعش کے نام سے وہ کام کیا جا رہا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل اس کے پیچھے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کو مسلکی لڑائی کے ذریعے کمزور کیا جا رہا ہے، لیکن ہم شیعہ اور سنی کو اکٹھا کرکے اسرائیل، امریکہ اور آل سعود کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پورے پاکستان میں اہل تشیع اور اہل سنت اکٹھے ہو جائیں، شیعہ اور سنی ثابت قدم رہیں تو کوئی شک نہیں کہ وطن دشمن، اسلام دشمن اور انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو مٹی میں ملا کر رکھ دیں۔

 

ٹیگس