Jul ۱۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ سے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے چار وفاقی وزیروں کی پریس کانفرنس  سے یوں دکھائی دے رہا ہے کہ وہ دوبارہ سپریم کورٹ پر حملے کی طرف جا رہے ہیں۔ ستانوے میں بھی انکو پتا چل گیا تھا کہ فیصلہ انکے خلاف ہوگا اس لیے سپریم کورٹ پرحملہ کیاگیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بالکل آخر میں آکر کہا کہ قطری سے جاکر نہ پوچھا گیا تو فیصلہ نہیں مانیں گے۔ کل وزراء نے جو بیانات دیئے جمہوریت میں کون ایسی باتیں کر سکتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون سارے ادارے تباہ کر چکی صرف فوج اور سپریم کورٹ رہ گئے تھے اب ان پر بھی سازش کا الزام لگا دیا ہے۔ یہ سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ساری پاکستانی قوم، وکلاء اور پارٹی کو کال دے رہا ہوں کہ سپریم کورٹ کو بچانے کے لیے تیار رہیں۔ عمران خان نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ نواز شریف سے عہدہ چھوڑنے کا کہیں، اور ای سی ایل میں نواز شریف کا نام ڈالیں۔

دوسری جانب عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو سپریم کورٹ جانے سے روک دیا ہے۔ عمران خان خود بھی آج سپریم کورٹ نہیں جائیں گے۔ صرف تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود سپریم کورٹ جائیں گے۔ اس حوالےسے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر حکومتی رویہ کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی اور آج  بینچ کی سماعت کے بعد چیئرمین عمران خان نے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ 

واضح رہے کہ جے آئی ٹی آج کسی بھی وقت اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔

ٹیگس