Jul ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: پیشاور کے قریب سیکورٹی کنوائے پر خودکش حملہ

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور کے نواحی علاقے حیات آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک اور نو دیگر زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دھماکہ حیات آباد میں باغ ناران چوک کے نزدیک سیکورٹی فورس کی گاڑی کے قریب ہوا۔رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی کا قافلہ حیات آباد میں واقع اپنے کیمپ سے قلعہ بالا حصار کے ہیڈکوارٹرز کی جانب رواں دواں تھا کہ موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے قافلے کو نشانہ بنایا۔اس حملے میں ایف سی کے ایک میجر سمیت تین اہلکار ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا جب پاکستانی فوج کے ترجمان آصف غفور نے کہا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشن بدستور جاری ہے۔