Jul ۱۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: وکلا برادری نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کر دیا

پاکستان بار کونسل سمیت مختلف وکلاء تنظیموں نے ملک گیر ہڑتال کر کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق وکلا تنظیموں کی ہڑتال کی کال پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر کے وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

کئی مقامات پر وکلا نے  جلوس بھی نکالے اور جے آئی ٹی رپورٹ کے روشنی میں وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ دوہرایا۔

قابل ذکر ہے کہ  وکلا کی نیشنل ایکشن کمیٹی، پاناما لیکس پر جے آئی ٹی تشکیل دیئے جانے کے بعد پہلے دن سے ہی وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔
ادھراپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے پاس استعفے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی۔اس رپورٹ میں نواز شریف سمیت شریف خاندان پر کئی الزامات اور اس سے متعلق شواہد سامنے لانے کی بات کی گئی ہے۔

ٹیگس