Jul ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: پناما لیکس پر فیصلہ محفوظ

پاکستان سپریم کورٹ نے پناما کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ پر پاناما کیس کی سماعت مکمل ہو گئی ہے اور عدالت عظمیٰ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ عدالت نے اعلان کیا ہے کہ فیصلے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے کو محفوظ کرنے کے اعلان کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے مشاورتی اجلاس طلب کئے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ تسلیم کیا جائے گا اور فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں تمام قانونی و آئینی راستے استعمال کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کی صدارت میں پاکستان تحریک انصاف کا بھی ہنگامی اجلاس ہوا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی کے اجلاس میں بھی موجودہ صورتحال پر مشاورت کے بعد بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی، پاناما کیس پر عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے کے بعد اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔