Jul ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر 3 ساتھیوں سمیت ہلاک

پاکستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں کالعدم ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر دیگر 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد حساس اداروں نے ایک ٹیلی فون کال ٹریس کی جس پر سچل ٹاؤن کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔

ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق پولیس کے ساتھ مقابلے میں کالعدم ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر ملا اکبر سواتی دیگر 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔ دہشت گرد تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے کے لئے مکان میں جمع ہوئے تھے۔

راؤ انوار کے مطابق ہلاک دہشت گرد پولیس اور فوج پر حملوں میں ملوث تھے اور ان کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا جس کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر ڈسکو بیکری کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکار دم توڑ گیا جبکہ دوسرے اہلکار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ تین روز قبل بھی کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 3 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس سے قبل 23 جون کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ہوٹل پر ناشتہ کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو مارا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں طالبان، لشکر جھنگوی،سپاہ صحابہ اور کالعدم جماعت الاحرار شامل ہیں۔

ٹیگس