Aug ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • داعش، دہشتگرد اور اسلام و انسانیت دشمن تنظیم

کراچی میں مرکز اہلسنت پر کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ دہشتگرد تنظیم داعش کے وجود کو کسی صورت ملک میں پھیلنے نہیں دیں گے، نئی نسل بالخصوص طالبعلم اسلام و ملک دشمن تنظیم داعش سے ہوشیار رہیں۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اخلاقیات اور شعور کو اجاگر اور تشدد و انتہاپسندی کا خاتمہ کرتی ہے، داعش دہشتگرد اور اسلام و انسانیت دشمن تنظیم ہے، جو مسلمانیت کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہے، اسے مغربی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، امن محبت اور بھائی چارگی کے ساتھ احترام انسانیت کا درس دیتا ہے، سب سے زیادہ داعش نے مسلم ممالک میں دہشتگردی کرکے ہزاروں بزرگوں، بچوں، ماؤں، بیٹیوں کا قتل کیا ہے، داعش کے وجود کو کسی صورت ملک میں پھیلنے نہیں دیں گے، نئی نسل بالخصوص طالبعلم اسلام و ملک دشمن تنظیم داعش سے ہوشیار رہیں۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیمیں نئی نسل کی غربت کا فائدہ اٹھا کر انہیں استعمال کر سکتی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نئی نسل کو دہشتگردوں کا ہدف بننے نہیں دیں گے، علماء کرام و مشائخ عظام اسلام و ملک دشمن قوتوں کی سازشوں سے عوام کو آگاہ کریں۔

 

ٹیگس