Aug ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • امریکی وفد کی پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی

یو ایس سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل کی سربراہی میں امریکی وفد نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ جنرل جوزف ایل ووٹیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان افغان عوام کیلیے اپنے تعاون کے بارے میں پرعزم ہے اور 3 دہائیوں سے زائد عرصہ سے50 لاکھ افغان مہاجرین کی یہاں موجودگی سمیت دہائیوں سے جاری تعاون اس کا ثبوت ہے۔ پاکستان افغان حکومت اور معاشرے کے ساتھ افغان طلباء کیلئے اسکالر شپ اور انفرااسٹرکچر کی ترقی سمیت مختلف طریقوں سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیر اعظم نے گفتگو میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ناقابل قبول انسانی حقوق کی صورتحال کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے علاقائی تشویش کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کے حوالے سے جنرل ووٹیل سے اتفاق کیا۔ جنرل ووٹیل نے کہاکہ افغانستان میں امن اور سلامتی کے مقاصد کے حصول کیلیے پاکستان کی بہت اہمیت ہے اورامریکا پاکستان کو اس ضمن میں بڑی اہمیت دیتا ہے، انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جاری کوششوں کی تعریف کی۔

ملاقات میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیردفاع خرم دستگیر، مشیرقومی سلامتی جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں۔ واضح رہے کہ اس ملاقات سے قبل امریکی وفد نے یوایس سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل کی سربراہی میں شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فوج کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

ٹیگس