Aug ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان،  دہشت گردی کو برداشت نہیں کرسکتا

امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سر زمین پر کسی دہشت گرد کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا ۔

واشنگٹن میں افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی امریکی حکمت عملی پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ یہ امر مدنظر رکھنا چاہیے کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ مہینے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں بھی اس بات کو سراہا گیا کہ خیبر اور شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائیوں میں دہشت گردوں کا صفایا اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ نئی امریکی پالیسی کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ہم امریکی انتظامیہ سے رابطہ کریں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے مستحکم اور پرامن افغانستان کے لیے عالمی کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔  پاکستانی سفیر نے کہا یہ واضح ہے کہ افغانوں کی قیادت میں افغان مصالحتی عمل سے ہی افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کا موقع مل سکتا ہے۔

ٹیگس