Sep ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیرخارجہ کا دورہ ترکی

پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف افغانستان اور خطے سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی پر بات چیت کرنے کے لئے علاقے کے ملکوں کا دورہ جاری رکھتے ہوئے منگل کو ترکی پہنچے ہیں

پاکستانی وزیرخارجہ ، اپنے دورہ ترکی میں اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور وزیراعظم بن علی ییلدریم سے ملاقات کریں گے - پاکستانی وزیرخارجہ کے ہمراہ پاکستان کی سکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی ترکی کے دورے پر گئے ہیں - افغانستان اور جنوبی ایشیا کے  بارے میں اپنی اسٹریٹیجی میں امریکا نے افغانستان میں مزید فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے - پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف نے پیر کو ایران کا بھی دورہ کیا تھا انہوں نے تہران میں اپنے قیام کے دوران صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے الگ الگ ملاقات کی تھی - خواجہ آصف نے تہران کے لئے روانہ ہونے سے قبل کہا تھا کہ ان کے اس دورے کا مقصد افغانستان کے سیاسی مسائل کے حل کے لئے علاقائی سطح پر ایک اجماع قائم کرنا ہے - امریکا کی نئی پالیسی کے اعلان کے بعد پاکستانی وزیرخارجہ نے اپنا دورہ امریکا موخر کرکے چین، ایران، ترکی اور روس سمیت دیگر ممالک کا دورہ کرنے کا پروگرام بنایا ہے