Sep ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • آستانہ قدس رضوی کے ساتھ تعاون کے لئے  پاکستان کا اعلان آمادگی

پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد امام رضاعلیہ السلام کی زیارت کے لئے ایران آنےوالے پاکستانی زائرین کی سیکورٹی اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے تعلق سے مشہد میں آستانہ قدس رضوی کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہے

پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے جو امام رضاعلیہ السلام کے حرم کی زیارت کے لئے مشہد مقدس گئے تھے آستانہ قدس رضوی کے نائب متولی سید مرتضی بختیاری کے ساتھ اپنی ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امام رضاعلیہ السلام کے حرم مطہر کے غیر ملکی زائرین میں پاکستانی زائرین کی تعداد بہت زیادہ ہے کہا کہ پاکستانی زائرین سلفی اور تکفیری گروہوں کے خطرات کے باوجود ایران کے زیارتی سفر کے لئے مصیبتوں کو گلے لگاتے ہیں اور انتہائی عقیدت کے ساتھ امام رضاعلیہ السلام کی قدم بوسی کے لئے ایران آتے ہیں - پاکستانی وزیرخارجہ نے اپنے دورہ ایران کا مقصدتکفیری اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں اسلام آباد کے کھلے اور شفاف موقف کا اعلان کرنا بتایا - مشہد مقدس میں آستان قدس رضوی کے نائب متولی سید مرتضی بختیاری نے بھی ایران اور پاکستان کے ثقافتی اور مذہبی اشتراکات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ آستانہ قدس رضوی غیر ملکی زائرین منجملہ پاکستانی زائرین کو بہترین سہولتیں فراہم اور ان کی خدمت کرنا اپنی اصل ذمہ داری سمجھتاہے - انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحد کے قریب ایران کے سرحدی شہر میرجاوہ میں پاکستانی زائرین کے لئے ایک شاندار اور وسیع و عریض زائر سرا اور رفاہی کمپلیکس کا منصوبہ پوری سنجیدگی کے ساتھ زیرغور ہے -