Sep ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیرخارجہ کی ترکی کے حکام سے ملاقاتیں

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ترک صدر طیب اردوغان اور وزیراعظم بن علی یلدرم اور اس ملک کے وزیرخارجہ سے ملاقات کی جن میں خطے کی صورتحال اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستان کےوزیر خارجہ خواجہ آصف کل ایک روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردوغان، وزیراعظم بن علی یلدرم اور اپنے ترک ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں افغانستان اور کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم اور باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے صدارتی محل میں پاکستان کےوزیرخارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کی ۔

ترک میڈیا کے مطابق صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر اردوغان اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی ملاقات 35 منٹ تک جاری رہی۔

ملاقات کے دوران ترک وزیرخارجہ چاؤش اوغلوبھی موجود تھے، تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کے دوران ترک وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کوتسلیم کرنا چاہئیے جب کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لئے ترکی پاکستان کی تجویزکی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے کے الزام کے بعد پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے احتجاجاً دورہ امریکا منسوخ کرتے ہوئے ایران، چین اور پھر کل ترکی کا دورہ کر کے اپنے دوست ممالک کو اعتماد میں لیا اور اسی سلسلے میں وہ اب روس کا بھی دورہ کر یں گے۔

 

ٹیگس