Sep ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • پاک افغان سرحد پر مشترکہ گشت کی تجویز

پاکستان کے وزیراعظم نے افغانستان کے ساتھ ملنے والی سرحدوں پر مشترکہ گشت کی تجویز پیش کی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم پاک -افغان سرحد پر مشترکہ فوجی گشت اور مشترکہ فوجی پوسٹیں بنانے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر سرحدوں پر باڑ کی تنصیب کے پاکستانی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان بھی اپنے علاقے میں باڑ لگاتا ہے تو پاکستان کا اس کا خیر مقدم کرے گا۔پاکستان کے وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں کی مبینہ مدد کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے ایسے بیانات کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک کھرب بیس ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔پاکستانی وزیر اعظم کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے پاکستان سے دہشت گردوں کی مبینہ محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کا مطالبہ دوہرایا۔