Sep ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی بند کرنے پرتاکید

پاکستان کے وزیراعظم نے روہنگیا مسلمانوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی امداد کی ہرکوشش کی حمایت کرے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کومیانمارمیں روہنگیا مسلمانوں کی حالت پرتشویش ہے اور پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی امداد کی ہرکوشش کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے لئے اوآئی سی کو مسلم امہ کی مشترکہ آواز بننا چاہیے اور روہنگیا مسلمانوں کو میانمارکے دیگرشہریوں کے مساوی حقوق دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی کے لیے مناسب حالات پیدا کیے جائیں اور عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں پرتشدد بند کرایا جائے۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میانمارحکومت مسئلے کے فوری حل کے لیےاقدامات کرے اور اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو جائزے کی اجازت  دے ۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے نیو یارک میں ہونے والی ملاقات کے موقع پراس بات سے اتفاق کیا کہ روہنگیا مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے بھی ملاقات کی۔

 

ٹیگس