Sep ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۱ Asia/Tehran
  • الیکشن ریفارم بل نواز شریف کو بچانے کے لئے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی کرئیر دوبارہ شروع کرانے کے لئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک نااہل شخص کو پارٹی کی صدارت دلوانے کے لئے الیکشن ریفارم بل کی شق میں ترمیم کر کے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ یہ سب نواز شریف کا سیاسی کرئیر دوبارہ شروع کرانے کے لئے کررہی ہے حالانکہ  نواز شریف پر کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کا جرم ثابت ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکومت قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی الیکشن اصلاحات بل کی شق 203 منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے جس کے بعد اب نوازشریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ اور اب نوازشریف کو ایک بار پھر پارٹی صدر بننے کا موقع مل سکتا ہے۔ انتخابی اصلاحات بل 2017 کی شق 203 پر پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن نے ترمیم کی تجویز دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جو قومی اسمبلی کا ممبر نہیں رہتا وہ پارٹی کا سربراہ بھی نہیں بن سکتا۔

شق 203 میں ترمیم پر پریذائڈنگ افسر نے ووٹنگ کرائی اور بل کی حمایت میں 38 اور مخالفت میں 37 ووٹ آئے، اس طرح حکومت صرف ایک ووٹ سے شق منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی اور اعتزاز احسن  کی شق 203 میں ترمیم صرف ایک ووٹ سے مسترد ہوگئی۔

بل کی منظوری کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ شق 203 کی منظوری سے نوازشریف کے دوبارہ صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے بلکہ اب یہ سمجھا جائے کہ نوازشریف دوبارہ صدر بن چکے ہیں۔

 

ٹیگس