Sep ۲۴, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۵ Asia/Tehran
  • نواز شریف اپنی بات پر ڈٹ گئے

لندن میں پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس میں نواز شریف کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈاربھی موجود تھے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کےسابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ پر جو باتیں کیں وہ میرا اصولی مؤقف ہے اور اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات عجیب رخ اختیار کر سکتے ہیں جبکہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی جیت میرے موقف کی تائید ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ این اے 120 سے لاپتہ کارکنوں سے متعلق وزیراعظم کو کہا ہے اورلاپتہ کارکنوں کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات سے متعلق سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشاورت ہوتی رہتی ہے اورآئندہ بھی ہو گی۔ اس سے قبل لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں نواز شریف کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو مستقبل کے حوالے سے اپنے آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔ واضح رہےکہ نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر سپریم کورٹ پر سخت تنقید کی تھی جس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کی علالت کے باعث لندن گئے اور ان دنوں لندن میں موجود ہیں۔

ٹیگس