Oct ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • ٹیکنو کریٹ اور غیر جمہوری حکومتوں نے کچھ نہیں دیا، عباسی

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کسی ٹیکنوکریٹ یا غیرجمہوری حکومت سے پاکستان کوکبھی فائدہ نہیں ہوا لہذا ملکی ترقی کے لیے جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے نواحی علاقے جھنڈیال میں تیل وگیس کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت نے پاکستان کوکبھی بھی کچھ نہیں دیا ہے.انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کی خاطر ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ جمہوریت مضبوط ہوگی تو ملک میں ترقی ہوگی۔خیال کیاجارہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کا اشارہ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کی بابت خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ اگر ملک کی اقتصادی اور سیاسی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پاکستان کوسخت چیلنجوں کا سامنام کرنا پڑے گا۔بعد ازاں پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں ملک کی معاشی صورتحال پر برھمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بارے میں مل بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستانی فوج کے ترجمان کے بیان پر وزیر داخلہ احسن اقبال نے سخت برھمی کا اظہار کیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور فوجی ترجمان کو معیشت کے بارے میں بیانات دینے اور تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔