Oct ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • دہشت گرد گروہ انصار الشریعہ کے سرغنہ سمیت آٹھ ہلاک

کراچی میں رینجرز نے پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرکے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاکستانی میڈیا نے رینجرز کے ترجمان کے حوالے سے خبردی ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع رئیس گوٹھ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور اس کے بعد سیکورٹی فورس کی بھاری نفری کے ساتھ علاقے میں جیسے ہی سرچ آپریشن شروع ہوا دہشت گردوں نے سیکورٹی فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔
رینجرز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ میں دوسیکورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
جوابی کارروائی کرتے ہوئے رینجرز اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے پانچ دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ تین دیگر دہشت گردوں نے زخمی حالت میں اسپتال میں دم توڑدیا۔
ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد گروہ انصار الشریعہ کا سرغنہ شہریار عرف عبداللہ ہاشمی بھی شامل ہے۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام سے جدید ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کئےگئے ہیں۔
رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ یہ آپریشن رئیس گوٹھ میں دہشت گرد گروہ انصار الشریعہ کے عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر کیا گیا تھا۔