Oct ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  •  امریکی عزائم دنیا کے لیے خطرناک ہیں، شہر یار آفریدی

پاکستان کی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اگر امریکی کانگریس ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے حق میں ووٹ دیتی ہے تو خود امریکا الگ تھلگ پڑجائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی نےاسلام آباد میں ارنا سے گف‍تگو کے دوران ایران، علاقے اور دنیا کے سلسلے میں امریکی صدر کے منفی رویّے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکی حکام سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ ایٹمی معاہدے کی پابندی کریں۔
شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کی پابندی علاقے اور دنیا کی سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد دے سکتی ہے لیکن اس بین الاقوامی معاہدے کے بارے میں امریکی رویّہ سب کے لئے مشکل ساز بنا ہوا ہے۔
انہوں نے ایران کی جانب سے معاہدے کی پابندی کے باوجود امریکا کے ذریعے ایٹمی معاہدے کو منسوخ کردیئے جانے کے نتائج کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو یک قطبی نظام میں تبدیل کرنے کا امریکی صدر کا ارادہ بہت ہی خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے ذریعے شمالی کوریا، ایران، پاکستان اور دیگر ملکوں کو دھمکیاں امریکا کے مفاد میں نہیں ہیں۔