Nov ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان:اربعین کے ماتمی جلوسوں میں احتجاجی مظاہرے

پاکستان میں چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں میں ناصر شیرازی اور دوسرے شیعہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق صدر اور رکن مرکزی نظارت سید ناصرعباس شیرازی ایڈووکیٹ کے رانا ثناء اللہ کے ہاتھوں اغوا اور ایک سو سے زائد محب وطن شیعہ شہریوں کی اداروں کی غیر اعلانیہ اور غیر قانونی طور پر قید کے خلاف چہلم امام حسین (ع) کے مرکزی جلوس میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

 کراچی کے احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسین (ع) نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے علامہ احمد اقبال رضوی اور علامہ صادق رضا تقوی نے خطاب کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت قانون و انصاف کی برملا تضحیک کر رہی ہے، عدالت عالیہ کے حکم کے باوجود ناصر شیرازی کو عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا اور مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی گئی، ناصر شیرازی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے ہمیں بیشتر خدشات ہیں، پنجاب حکومت ظالموں کی حکومت ہے، جن پر قطعاَاعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ اگر ناصر شیرازی سمیت دیگر افراد پر کوئی الزام ہوتا تو عدالت میں پیش کئے جاتے، ان کے عزیز و اقارب حکمرانوں اور عدلیہ کے سامنے درخواستیں پیش کرچکے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے یہ نام نہاد ادارے خدا کے قہر سے ڈریں کہ مظلوموں کی آہ سے عرش الٰہی بھی کانپتا ہے، ہم ہزاروں کی تعداد میں احتجاج کرتے عزادارن امام حسین (ع) چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، صوبائی عدلیہ کے سربراہان سمیت سارے ذمہ داران سے اپیل کرتے ہیں کہ ان مظلوم و بے قصور محب وطن شہریوں کے ساتھ یہ ظلم و تشدد، قید و بند کا سلسلہ ختم کرائیں اور ان کی فوری آزادی کو یقینی بنائیں۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدرانصر مہدی نے لاہور میں چہلم شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس میں نماز ظہرین کے بعد عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب حکومت ملوث ہے، ملت جعفریہ کو پنجاب میں دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی بربریت کا بھی سامنا ہے، جنازے بھی ہم اٹھائیں اور اسیر بھی ہم ہوں، یہ کہاں کا انصاف ہے۔

انہوں نے کہاکہ چہلم کے بعد بھرپوراحتجاجی تحریک چلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں، ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ اتحاد امت اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھا، آج حکومت ہمیں اسی حب الوطنی کی سزا دے رہی ہے، جب ملک پر کرپٹ اور قاتل حکمران مسلط ہوں تو مظلوم کس سے انصاف مانگیں، ہم ان ظالموں کے ظلم و بربریت کے آگے مرعوب نہیں ہوں گے۔

جلوس میں موجود عزاداروں نے سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف لبیک یاحسینؑ کے نعروں کے ساتھ صدائے احتجاج بلند کی۔

 

ٹیگس