Nov ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی

پاکستان رواں برس میں افغان مہاجرین کی واپسی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

ذرائع کے مطابق2017 میں 6 لاکھ 40 ہزارافغان مہاجرین کی واپسی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ اب تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں صرف55 ہزار اور غیر رجسٹرڈ میں سے 70 ہزار کی واپسی یقینی بنائی جاچکی ہے جو مجموعی طور پر صرف ایک لاکھ 25 ہزار بنتی ہے۔ افغان مہاجرین کی واپسی اپریل سے ستمبرکے درمیان ہوتی ہے اس لیے رواں برس کے ڈیڑھ ماہ میں مزید افغان مہاجرین کی واپسی کا امکان کم ہے۔

گزشتہ سال وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے سخت موقف کے باعث 6 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین وطن واپس لوٹ گئے تھے جن میں 3 لاکھ 50 ہزار غیررجسٹرڈ اور 2 لاکھ 50 ہزار رجسٹرڈ مہاجرین شامل تھے۔ 2016 میں یہ تعداد گزشتہ20سال کے دوران سب سے زیادہ تھی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر(یو این ایچ سی آر) کی جانب سے گزشتہ سال کی نسبت واپس جانے والے افغان مہاجرین کی امداد فی کس 400 ڈالر سے کم کرکے 200 ڈالر کردی گئی اور یہ بھی مہاجرین کے واپس جانے کی راہ میں ایک قسم کی رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے۔

ٹیگس