Nov ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • نوازشریف کے صاحبزادے اشتہاری

احتساب عدالت نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قراردے دیا ۔

آج سماعت کے موقع پرنا اہل قرار دیئے جانے والے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے حسن اور حسین نواز کے اسٹیٹس سے متعلق سوال کیا تو جج محمد بشیر نے کہا کہ ایک ماہ مکمل ہونے پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ حسن نواز اور حسین نواز کو ہرعدالتی فیصلے میں اشتہاری لکھا جائے۔

نوازشریف اورمریم نواز کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کی گئی جبکہ احتساب عدالت میں 3 ریفرنسز کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی گئی ۔ عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر 4 گواہ طلب کیے گئے ہیں۔

آج کی عدالتی کارروائی پر میاں نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فیصلے میں ایسے الفاظ استعمال ہوئے جو مخالفین استعمال کرتے ہیں، 1999 میں بھی کہا تھا طیارہ ہائی جیک کیس میں سزا دلوائی جا رہی ہے، پہلے بھی مجھے پھنسایا گیا اور آج بھی وہی معاملہ دہرایا جا رہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ پہلے سے لکھا ہوا ہے کہ ہر صورت سزا دینی ہے، دوہرے معیار کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

 

ٹیگس