Nov ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  • حافظ سعید کی رہائی پر ہندوستان کی برہمی

ہندوستان نے پاکستان میں دہشت گردگروہ لشکر طیبہ کے بانی اور جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی عنقریب رہائی پر برہمی کا اظہار کیا ہے

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے جمعے کو کہا کہ حافظ سعید کی رہائی کا فیصلہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کو سزا دینے میں سنجیدہ نہیں ہے اور حکومت پاکستان بدنام زمانہ دہشت گردوں کو معاشرے میں جگہ دینے کی کوشش کررہی ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھی بدنام زمانہ دہشت گرد کی رہائی پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اس بات پر غصہ ہے کہ جس شخص نے ممبئی حملوں کا خود اعتراف کیا اور جسے اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گرد قراردیا گیا ہو اسے آزادانہ نقل وحرکت اور اپنے ایجنڈے پر کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے حافظ سعید کی نظر بندی ختم کرتے ہوئے اس کی نظر بندی میں توسیع کی حکومتی درخواست مسترد کردی تھی۔
لشکر طیبہ پر الزام ہے کہ اس نے دوہزار آٹھ میں ممبئی میں دہشت گردانہ حملہ کیا تھا جس میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔