Nov ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • حکومت سعودی فوجی اتحاد کے بارے میں ایوان کو اعتماد میں لے

پاکستان کی اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے سعودی قیادت والے نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سعودی عرب کی قیادت والے نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد کے مجوزہ اجلاس سے پہلے اس معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سینیٹر فرحت اللہ بابر استفستار کیا کہ آخر حکومت اکتالیس رکنی اسلامی فوجی اتحاد کے ٹی او آرز سے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں کیوں نہیں لے رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مذکورہ فوجی اتحاد کے ضابطہ کار کے بارے میں پارلیمنٹ میں سوال اٹھایا تھا جس پر حکومت نے کہا تھا کہ اس اتحاد کا اجلاس آئندہ سال مئی میں ہوگا لیکن یہ اجلاس چھبیس نومبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی حکومت نے ضابطہ کار طے ہوئے بغیر سابق آرمی چیف کو سعودی عرب جانے کی اجازت کیوں دی؟
سینیٹر فرحت اللہ بابر نے حکومت کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینیٹ کی منظوری کے بغیر سعودی قیادت والے فوجی اتحاد کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ کرے۔