Dec ۰۳, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں طالبان کے 3 دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی نے ساندل بار بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ 2 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق سی ٹی ڈی نے ساندل بار بائی پاس کے قریب پناہ لیے ہوئے 5 دہشت گردوں کی اطلاع پر کارروائی کی، دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے اور علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، رائفل، ڈیٹونیٹر اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں جبکہ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جا رہا ہے تاہم ان کے ناموں کے شناخت نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ  پاک سرزمین پر دہشت گردوں کو ہرقیمت پر شکست دی جائے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 22نومبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شاں بحق ہونے والے پاک فوج کے افسر میجر اسحاق کے  لاہور میں واقع گھر پہنچنے پردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا عزم دوہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے چپے چپے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے ملک کو دہشت گردی سے پاک کریں گے۔

ٹیگس