• پاکستان امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کا مخالف

پاکستان نےامریکا کی جانب سے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے مجوزہ فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے اس طرح کے اقدام سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔

بیان کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے حوالے سے آنے والی خبروں کی پرزور مخالفت کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کا فیصلہ مقدس شہر القدس الشریف کی قانونی اور تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کا باعث بنے گا۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ تل ابیب سے امریکی سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بیان کے مطابق امریکہ کے اس اقدام سے بیت المقدس کے مسئلے پر کئی عشروں سے موجود عالمی اتفاق رائے کو نقصان پہنچے گا اور خطے میں پائیدار امن کے کسی بھی عمل کو ختم کرنے سمیت خطے کی سلامتی کو بھی زک پہنچے گی۔  

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج، عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور فلسطینی انتظامیہ اور گروہوں سمیت دنیا کے مختلف ملکوں نے بھی امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے مجوزہ اعلان کی شدید مخالفت کی ہے۔

Dec ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۶:۴۰ UTC
کمنٹس