Dec ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے خلاف پاکستانی پارلیمنٹ  میں مذمتی قرارداد منظور

امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اسپیکر نے معمول کی کارروائی روک کر مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے پر بحث شروع کرائی تو پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دنیا کی تاریخ میں ایک تاریک دن ہے اور امریکی اقدام ایک گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ بعد ازاں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی مشترکہ طور پر تیار کی گئی قرارداد وفاقی وزیر برجیس طاہر نے ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرار داد کے مطابق یہ ایوان تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کو مسلم امہ پر حملہ سمجھتا ہے جبکہ امریکی فیصلہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی یہ ایوان مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ امریکا فوری طور پر سفارتخانہ منتقل کرنے کا فیصلہ واپس لے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے مسلم ممالک، یورپی یونین اور عالمی طاقتوں کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے القدس منتقل کرنے کا بھی حکم دیا ہے، امریکا وہ پہلا ملک ہے جو بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر رہا ہے۔

ٹیگس