Dec ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • ٹرمپ مذہبی جنونی اوردنیا کے لئے خطرہ

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک امریکا کے ساتھ تمام معاہدے منسوخ کریں۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے نے کراچی میں جامعہ دارالعلوم امیرحمزہ، جامعہ دارالعلوم اسلامیہ دارالقرآن، جامعہ دارالعلوم مدینہ العلوم، جامعہ دارالعلوم جامعہ نعمانیہ اورجامعہ دارالعلوم رضویہ کے دورے کے موقع پرکہا کہ عالمی قوانین کے تحت ٹرمپ کو دنیا کے لئے خطرہ اور مذہبی جنونی قرار دیا جائے، بیت المقدس کے تحفظ کے لئے کسی طور بھی خاموش نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو معاشی طور پر کمزور کرکے ہی دنیا کے امن کو محفوظ اور مذہبی جنونیت کو روکا جا سکتا ہے، امریکا داعش سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کو فنڈنگ اور اسلحہ فراہم کرکے مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے، عراق، لیبیا، شام، مصر اور دیگر مسلم ممالک میں دہشتگردی کے پیچھے امریکی ہاتھ ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بیت المقدس میں کسی کو سفارتخانہ کھولنے اور اسرائیل کو قابض ہونے سے روکنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے، اسلامی ممالک یہودونصاریٰ کی اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے کردار ادا کریں، بیت المقدس پر اسلام مخالف قوتوں کو کسی طور بھی قابض ہونے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں، مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، بیت المقدس کے تحفظ کے لئے جہاد فرض ہو چکا ہے، پوری دنیا کے علمائے کرام بیت المقدس کے تحفظ کے لئے جہاد کا فتویٰ جاری کریں، مسلم حکمرانوں کی غیرت کو جھنجھوڑنے کے لئے اُمت مسلمہ احتجاج کے عمل کو تیز کر دے، پاکستان سنی تحریک کے عظیم الشان مارچ میں علمائے کرام عاشقان رسول بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں شعور اجاگر کیا جائے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

 

ٹیگس