Dec ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • دہشتگردوں کو شکست

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اس دن بربریت، سفاکیت کے علمبرداروں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا سانحہ اے پی ایس نے قوم میں دہشتگردی کیخلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم نے جان ومال کی قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی، قربانیوں کی بدولت دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستانی قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معصوم بچوں کا خون رنگ لایا، سانحے میں بچھڑ جانیوالوں کی یاد ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی۔

پاکستان کےوزیراعظم نے کہا انتہاپسندی ہی وہ درخت ہے جس پر دہشتگردی کا زہریلا پھل لگتا ہے، آج کا دن ہمیں متوجہ کرتا رہے گا کہ ہم اپنی صفوں پر نگاہ رکھیں۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014ء صبح کے نو بجے خون ناحق بہانے کے عادی دہشتگردوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کر کے 130 معصوم بچوں سمیت 144 افراد کو خاک و خون میں نہلا دیا۔

 

ٹیگس