Dec ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکا نے پاکستان کودھمکیاں دیں: پاکستانی فوج کا اعتراف

پاکستانی فوج کےترجمان نے پاکستان کی قومی سلامتی اور قومی پالیسی سے متعلق صحافیوں کو پریس بریفنگ دی

پاکستانی فوج کےترجمان میجر جنرل آصف غفورنے آج سہ پہر راولپنڈی  میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران و پاکستان کے مابین اچھے تعلقات ہیں اور آرمی چیف کا حالیہ دورہ ایران بھی کامیاب رہا اور اس دورے میں انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ مفید گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ حساس مقامات پر باڑ لگانے کا سلسلہ شروع کیا جبکہ پاکستان نے افغانستان کے بارڈر کے ساتھ باڑ لگانے کا کام شروع کیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین آمد و رفت کیلئے مزید بارڈر کھولے جائیں گے تاکہ پاکستانی عوام، تاجروں  باالخصوص  زیارات مقدسہ پر جانے والے زائرین کو آسانی ہو۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے اورفوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ امریکا نے پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف پاکستان کے اندر اسٹرائیک کی دھمکی دی گئی ہے، امریکا کو واضح بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم دوستوں سے لڑانہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکاکی طرف سے ہمیں جو بھی رقم ملی وہ اخراجات کی مد میں ملی، ہم اپنی ملکی خودمختاری اور عزت پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک پر منڈلاتے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے۔

 

ٹیگس