Jan ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۸ Asia/Tehran
  • بلوچستان کے نئے وزیراعلی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے نئے وزیراعلی میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی نے نئے وزیراعلی سے حلف لیا۔ نئے وزیراعلی کے ساتھ چودہ رکنی صوبائی کابینہ نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
قبل ازیں مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے عبدالقدوس بزنجو نے ایوان میں اکتالیس ووٹ حاصل کئے ان کے مد مقابل امیدوار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے آغا سید لیاقت علی کو تیرہ ووٹ ملے۔
بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی پینسٹھ نشستیں ہیں اور کسی بھی امیدوار کو وزیراعلی بننے کے لئے پینتیس ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ وزیراعلی بلوچستان ثناء اللہ زہری کے خلاف اسمبلی سیکریٹری ایٹ میں مسلم لیگ ق کے رکن اسمبلی اور ہفتے کو منتخب ہونے والے وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
سابق وزیراعلی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے نوازشریف سے مدد مانگی تھی لیکن مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے بارہ سے زائد اراکین اسمبلی نے صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کی قیادت میں تحریک عدم اعتماد کی حمایت کا اعلان کردیا تھا۔
مسلم لیگ نون کے ارکان کو منانے کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ کا دورہ بھی کیا تھا لیکن وہ بھی اپنی کوشش میں ناکام رہے تھے۔