Jan ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۸:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: فائرنگ سے 6 سکیورٹی اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کوئٹہ اور تربت شہروں میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ہیں۔

تربت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی تربت سے شپک جارہی تھی کہ اس دوران نامعلوم دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی جب کہ فائرنگ سے 5 اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب آج صبح کوئٹہ میں رئیسانی روڈ پرموٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے فورسز کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانی دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔

ٹیگس