Jan ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • مولانا فضل الرحمن متحدہ مجلس عمل کے صدر

مولانا فضل الرحمن متحدہ مجلس عمل کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کا سربراہی اجلاس مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکز راوی روڈ میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں مولانا فضل الرحمن، سینیٹر سراج الحق،  پیر اعجاز ہاشمی،علامہ سید ساجد علی نقوی، شاہ اویس نورانی، لیاقت بلوچ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی  ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، وفاقی وزیر اکرم خاں درانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری،  فرید احمد  پراچہ، مولانا محمد امجد خاں، رانا شفیق خاں پسروری سمیت دیگر شریک ہوئے۔

متحدہ مجلس عمل کے اجلاس میں 20 ارکان پر مشتمل مرکزی کونسل کی تشکیل ہوئی، اعلامیے کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست اور معاشرے کا قیام, جد و جہد کا مقصود ہے، فیصلے اتفاق رائے سے کریں گے، لا دین عناصر کی یلغار کا مقابلہ کیا جائے گا، ایم ایم اے مثالی نظام قائم کرکے وطن کو اقوام عالم میں باعزت مقام دلائے گی، وفاق کی تمام اکائیوں کے آئینی حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کا موقف اصولی ہے، ہندوستان سے تمام تنازعات کا اصل سبب کشمیر کا مسئلہ ہے، کشمیر کے مسئلہ کے حل کے بغیر دونوں ملکوں میں مفاہمت کا امکان نہیں اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی وتحفظ کے لئے متفقہ موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کہ ایم ایم اے کا اگلا اجلاس فروری میں ہوگا اور متحدہ مجلس عمل باقاعدگی کے ساتھ بحال ہوچکی ہے اب ہمیں آگے کی سمت دیکھنا ہوگا۔

 

ٹیگس