Jan ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • حافظ سعید کے خلاف کارروائی کرنے کا امریکی مطالبہ

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کے خلاف 2008 میں ممبئی حملوں کے کیس میں قانونی چارہ جوئی ہونی چاہئے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان، حافظ سعید کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا لہٰذا امریکا  کی جانب سے پاکستانی حکام کو پیغام بھیجا گیا ہے کہ وہ حافظ سعید کے خلاف کارروائی کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورت نے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان حافظ سعید کے خلاف قانون کے مطابق لازمی کارروائی کرے کیونکہ ہم سجھتے ہیں کہ وہ 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں جس میں امریکی شہریوں سمیت 166 افراد ہلا ک ہوئے تھے۔

نورت نے گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حافظ سعید کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

گزشتہ روز پاکستانی نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ حافظ سعید کے خلاف پاکستان میں کوئی کیس نہیں لہٰذا ہم صرف اس صورت میں کارروائی کرسکتے ہیں جب ان کے خلاف کوئی کیس موجود ہو۔

واضح رہے کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو پاکستان نے نومبر 2017 میں رہا کیا تھا۔

ٹیگس