Feb ۰۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان، افغان مہاجرین کے قیام میں 2 ماہ کی توسیع

وفاقی کابینہ نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام میں مزید 2 ماہ کی توسیع کردی۔

یہ فیصلہ ایسے موقع پر کیا گیا ہے کہ جب افغان خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے سربراہ معصوم ستانکزئی اور وزیر داخلہ ویس برمک پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں جنہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر اعلیٰ حکام سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابینہ نے افغان مہاجرین کے لیے ’’پروف آف رجسٹریشن کارڈ‘ کی مدت میں 60 دن کی توسیع کردی ہے ۔ پاکستان، افغانستان اور اقوام متحدہ کے مابین سہ فریقی معاہدے کے تحت پاکستان نے ان افغان مہاجرین کو ’پی او آر‘ کارڈ جاری کیے ہیں جواقوام متحدہ کی تنظیم برائے مہاجرین کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

31 دسمبر 2017 کو ان رجسٹرڈ مہاجرین کے قیام کی مدت ختم ہوگئی تھی جس پر وفاقی کابینہ نے 30 دن کی توسیع کی تھی جو اب تک کی سب سے قلیل المدت توسیع تھی اور یہ منگل 30 جنوری کو ختم ہوگئی ہے تاہم اب کابینہ نے دو ماہ کی مزید توسیع کردی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں حالیہ حملوں کے تناظرمیں پاکستان اور افغانستان میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کی وفاقی کابینہ کی جانب سے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے قیام میں مزید دو ماہ کی توسیع خوش آئند امر ہے۔

ٹیگس