Feb ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  •  یکطرفہ کارروائی ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کا امریکہ کو انتباہ

پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

امریکی نیوز چینل سی این این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں کسی بھی طرح کی یکطرفہ کارروائی ہماری ریڈ لائن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک باوقار قوم ہے اور امریکا کی جانب سے کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی کی صورت میں دو طرفہ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کو دبانے یا دباؤ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو اس کا جواب دیا جائے گا۔
 چودھری احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساٹھ ہزار لوگوں کی جانوں کا نظرانہ پیش کیا اور اس کی معیشت کو پچیس ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ امریکہ کی جانب سے اس مد میں ملنے والی امداد بہت معمولی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں لڑ رہا بلکہ یہ جنگ پاکستان کے عوام اور ان کے مستقبل کے لیے لڑ رہا ہے۔
افغانستان میں جاری امریکی جنگ کے بارے میں پاکستان کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں اپنے من پسند نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور اب وہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیگس